پنجی، 4 ؍ستمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )شیوسینا نے آج الزام لگایا کہ گوا اور پڈوچیری میں گاڑی رجسٹریشن کے عمل میں بے ضابطگیاں ہو رہی ہیں ۔پڈوچیری میں گاڑی رجسٹریشن فیس انتہائی کم ہے۔مقامی شیوسینا اکائی کے سربراہ سدیپ تمنکر نے آج یہاں نامہ نگاروں سے کہاکہ پڈوچیری میں گاڑی رجسٹریشن پر ٹیکس محض ایک فیصد ہے، جبکہ گوا میں اس کے لیے 15فیصد سے زیادہ ادا کرنا پڑتا ہے۔گوا کی سڑکوں پر ہمیں پڈوچیری کے نمبر پلیٹ کی گاڑیاں کافی تعداد میں نظر آنے لگی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس بات کا امکان ہے کہ ٹیکس سے بچنے کے لیے مقامی لوگ اپنی گاڑی کا رجسٹریشن پڈوچیری میں کروا رہے ہیں۔بی جے پی کی قیادت والی حکومت نے حال ہی میں اختتام پذیر ہونے والے اسمبلی کے مانسون سیشن میں گاڑی رجسٹریشن پر ٹیکس بڑھا دیا تھا، جس کی وجہ سے رجسٹریشن میں کل ٹیکس کی شرح 15فیصد سے تجاوز کر گئی ہے۔انہوں نے کہاکہ ہمیں معلومات ملی ہے کہ گوا کے سابق نقل و حمل ڈائریکٹر ارون دیسائی کا پڈوچیری تبادلہ کر دیا گیا ہے۔بہر حال، انہوں نے ساتھ ہی کہا کہ تبادلہ محض اتفاق بھی ہو سکتا ہے۔تمنکر نے کہاکہ وزیر ٹرانسپورٹ سدین دھاؤلیکر نے اسمبلی میں اضافہ کو درست ٹھہراتے ہوئے کہا کہ ریاست میں گاڑیوں کی تعداد بڑھ رہی ہے۔